گوادر ( بیورو رپورٹ ) گوادر آرمی پبلک سکول میں طلبہ اور طالبات کی جی او سی 44 سپیشل سکیورٹی ڈویژن میجر جنرل عنایت حسین کے ساتھ تفصیلی نشست ہوئی۔ گوادر کے تعلیمی اداروں کے طلبہ اور طالبات بشمول اساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ جی او سی نے کہا کہ نوجواناثاثہ ہیںاورقومی تعمیروترقی کے اہم ستون ہیں۔ مروجہ ماحول بلوچ نوجوانوں سے متقاضی ہے کہ وہ منفی احتجاجی کلچر سے اجتناب اداروں سے متعلق دشمن کی غلط معلوماتی مہم اور مفروضوں پہ مبنی گمراہ کن بیانیے کا شکار ہونے سے بچنا سیکھیں ۔ نوجوانوں نے جی او سی سے بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، علاقے میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی، تعلیم اور روزگار کے مواقع سیکیورٹی کی بہتر ہوتی صورتحال اور سی پیک کے ثمرات سمیت متعدد موضوعات پر سیر حاصل کفتگو کی۔ جی او سی نے نوجوانوں کو مسلح افواج کے دفاعی بجٹ،سی پیک اور چین سے متعلق منفی پراپیگنڈا، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں، بلوچ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے فری میڈیکل کیمپس کے انعقاد،سولرائزیشن اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ایم جی ڈی اور آر او پلانٹس کی تنصیب سے متعلقہ اعداد و شمار سے تفصیلاً آگاہ کیا ۔ سوال و جوابات کے سیشن میں طلبہ اور طالبات نے آزادانہ اور کھلے دل کے ساتھ بلوچستان کے مسائل، سیکورٹی صورتحال ،اپنی شکایات، محرومیوں اور مِسنگ پرسنز سے متعلق سوالات کیے۔ جی او سی نے تمام شکایات اور سوالات تسلی سے سنے اور ہر ایک کا تفصیل سے جواب دیا۔ جبری گمشدگیوں سے متعلق انہوں نے کھل کر اظہار خیال کیا۔ جی او سی نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ پاک فوج بلوچ عوام کی ہرممکن فلاح و بہبود کے سلسلے میں سول انتظامیہ کی معاونت جاری رکھے گی- طلبہ نے جی او سی کے ساتھ تفصیلی نشست کو خوش آئند قرار دیا اور پرامن بلوچستان اور خوشحال پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
جی او سی
نوجوان اثاثہ ہیں،گمراہ کن بیانیہ سے بچیں:میجر جنرل عنایت
Oct 15, 2022