فصلوں کی باقیات جلانے والوں، فیکٹری مالکان کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن  ہوگا : سائرہ عمر

Oct 15, 2022


گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سائرہ عمر کاسموگ کی روک تھام کے حوالے سے ایمن آباد سیالکوٹ روڈ پر اسٹیل مل،ذگ ذیگ ٹیکنالوجی پر چلنے والے بھٹہ خشت اور دھان کی کٹائی کے جائزہ کے حوالے سے واہنڈو روڈ کا دورہ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سموگ کا سبب بننے والے تمام محرکات پر زیروٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے گی، فصلوں کی باقیات جلانے،ذگ ذیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والی فیکٹریوں، کارخانوں،بھٹیوں اورفرنسزکے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا،مقدمات کا اندراج اور بھاری جرمانے عائد کرنے کے علاوہ سیل بھی کیا جائیگا۔ڈپٹی کمشنر نے ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے والے بھٹوں،سٹیل ملز اور دھان کی باقیات جلانے کے بجائے چوپرز اور سیڈرز مشینوں کو باقیات تلف کرنے کے لیے بروئے کار لانے والے کسانوں کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ ہم سب نے مل کر ماحول کو صاف اور محفوظ بنانا ہے اور اس سال سموگ کے محرکات کو اپنی مدد آپ کے تحت ختم کرنا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یکم اکتوبر سے اب تک محکمہ تحفظ ماحولیات،اسسٹنٹ کمشنرز،محکمہ زراعت نے 147چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران 64خلاف ورزیوں پر فیکٹریوں،فرنسز،بھٹیوں  اور دیگر آلودگی کا سبب بننے والے محرکات پر 11یونٹس کو سیل کیا  اور 5مقدمات بھی درج کروائے گئے۔اس کے علاوہ آلودگی پھیلانے میں ملوث فیکٹریوں، فرنسز، بھٹیوں اور دیگر آلودگی کا سبب بننے والے محرکات والے یونٹس کو 23 لاکھ 10ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ کے حوالے سے کاروائیوں کے ساتھ ساتھ بھرپور عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے اور اس سلسلہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی آن بورڈ لیا جائے تا کہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ جیسے سنجیدہ مسئلے کا دیرپا حل نکالا جا سکے۔دورہ کے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر جاوید اختر پڈھیار، ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات محمد عمر اشرف اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔

مزیدخبریں