ڈار کے آنے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر ایک ارب ڈالر کم ہو گئے ہیں
آئی ایم ایف کے پیسے ختم اور کہیں سے مدد نہیں مل رہی، حالات سنگین تر ہوتے جارہے ہیں،ٹویٹ
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ہچکیاں اور سسکیاں عوام کا راستہ نہیں روک سکتیں جو بھی انہیں سہارا دے گا، وہ اپنی عزت اور وقار کو نیلام کرے گا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ڈار کے آنے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر ایک ارب ڈالر کم ہو گئے ہیں۔آئی ایم ایف کے پیسے ختم اور کہیں سے مدد نہیں مل رہی، حالات سنگین سے سنگین تر ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی ہچکیاں اور سسکیاں عوام کا راستہ نہیں روک سکتیں، عوام پہلے ہی بجلی،پٹرول اور آٹے کے ہاتھوں کرش ہیں، اب طاقت سے کس کو کرش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کاسیاسی جنازہ نکل گیاہے،جوبھی ان کو سہارا دیگا،اپنی عزت اور وقار نیلام کریگا۔شیخ رشید نے کہا کہ اپنے ذاتی مفاد کیلئے قوم کوسامراجی طاقتوں کاغلام بنا یا جارہا ہے ،وزیرخارجہ اپنے ملک سے لاپتا ہیں۔ ان کا چورن کہیں نہیں بک رہا، پی ڈی ایم کے اندر سے حق سچ کی آوازیں آناشروع ہوگئی ہیں۔ان شا اللہ نومبرتک آر یاپار ہوجائیگا۔