کمبوڈیا کے جنوبی صوبہ کنڈال میں گنجائش سے زیادہ بھری ہوئی کشتی ڈوبنےکے باعث مرنیوالے افراد کی تعداد 11 ہو گئی ہے اور امدادی کارروائیاں مکمل ہو گئی ہیں۔ریسکیوآپریشن کی قیادت کرنے والی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے نائب صدر اول کن کم نے ہفتہ کے روز بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجکر 15 منٹ پر آخری لاش ملنے کے بعد امدادی کوششیں ختم کر دی گئی ہیں۔حادثہ صوبہ کنڈال کے ضلع لیوک ڈائیک میں دریائے میکونگ میں پیش آیا، موٹر سے چلنے والی کشتی جس میں عملہ کے 2 ممبران اور 13طلبا سمیت 15 افراد سوار تھے ساحل سے تقریبا50 میٹر کی دوری پر پانی میں ڈوب گئی۔صوبہ کنڈال کے پولیس چیف چھوﺅن سوچیٹ نے بتایا کہ مرنیوالے 11 طالبعلموں میں سے 8 لڑکے اور 3 لڑکیاں ہیں جن کی عمریں 12 سے 14 سال کے درمیان تھیں جبکہ 2 طالبعلموں اورعملہ کے 2 ممبران سمیت 4 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔