محکمہ جیل کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہاہے:آئی جی جیل

Oct 15, 2023

گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے سنٹرل جیل گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات لاہور ریجن کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے یوٹیلٹی سٹور‘ ٹک شاپ‘ ای لائبریری اور جیل ملازمین کیلئے تعمیر کی جانے والی سنگل وارڈر لائن کا افتتاح کیا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں فاروق نذیر نے کہا کہ پنجاب بھر کی جیلوں پر کینٹین سسٹم رائج تھا اور اسیران اور ان کے لواحقین کیجانب سے شکایات موصول ہوتی تھیں کہ ٹھیکیدار غیر معیاری اشیاءمہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔ لہٰذایوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی معاونت سے پنجاب بھر کی جیلوں پر کینٹین سسٹم ختم کرکے ہر جیل میں یوٹیلٹی سٹور قائم کیاجارہاہے ،یوٹیلٹی سٹورزکے زیرانتظام ہی جیل کے اندرٹک شاپ قائم کی جارہی ہے، جہاں سے اسیران ٹھنڈے مشروبات اور چائے وغیرہ خرید سکیں گے، انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل کو دور حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر جدید خطوط پر استوار کیا جارہاہے،اسیران کے مطالعہ کیلئے پنجاب کی دس جیلوں میں ای لائبریری قائم کی گئی ہے ، یہ اقدام اسیران کی ذہنی تربیت اور انہیں معاشرے کا مفید فرد بنانے میں اہم سنگ میل ہوگا۔

مزیدخبریں