ورلڈ کپ: بیٹنگ بری طرح ناکام، باﺅلنگ بھی کام نہ دکھا سکی، بھارت نے پاکستان کو ہردیا

Oct 15, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ورلڈ کپ 2023ءکے 12ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو کھیل کے تمام شعبوں میں چت کردیا‘پاکستان کی بیٹنگ کے بعد باﺅلنگ بھی فلاپ رہی ۔احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کے 192 رنز کا ہدف 30 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔جسپریت بمراہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیاگیا۔ انہوں نے7 اوورز میں 19 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔پہلے باﺅلنگ اور فیلڈنگ کے ذریعے پاکستان کو 191 رنز پر آل آﺅٹ کرنے والی بھارتی ٹیم کی یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں لگاتار 8 ویں فتح ہے۔بھارت کی طرف سے ہدف کے تعاقب میں شبمن گل اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، پہلی وکٹ 23 کے سکور پر گری، شبمن گل 16 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ ویرات کوہلی 16 رنز بناکر حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے۔ کپتان روہت شرما نے 63 گیندوں پر 86 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ان کی وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی۔ شریاس ایئر 53 اور کے ایل راہول 19 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور حسن علی نے 1 کھلاڑی کو پویلین کا راستہ دکھایا۔میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔گرین شرٹس 42 اعشاریہ 5 اوورز میں 191 رنز پر بناکر پویلین لوٹ گئی، بابر اعظم 50، محمد رضوان 49 اور امام الحق 36 رنز کے سوا کوئی بیٹر نمایاں پرفارمنس نہ دے سکا۔ عبداللہ شفیق 20 اور حسن علی 12 بناکر میدان چھوڑ گئے جبکہ سعود شکیل 6، افتخار احمد 4، شاداب خان 2، محمد نواز 4 اور حارث رﺅف 2 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔6کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ جسپریت بمراہ، محمد سراج، ہردیک پانڈیا، کلدیپ یادیو اور ریندر جدیجا نے 2،2 کھلاڑیوں آﺅٹ کیا۔ انگلینڈ اور افغانستان آج مد مقابل ہونگے ۔ میچ دن ڈیڑھ بجے دہلی میں کھیلا جائیگا۔ 

مزیدخبریں