اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ چینی صدر عزت مآب شی جن پنگ کی دعوت پر 17 اور 18 اکتوبر کو منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کیلئے بیجنگ، چین کا دورہ کریں گے۔ وزیرِ اعظم بی آر اےف کی ابتدائی تقریب میں شرکت کریں گے اور18 اکتوبر کو منعقدہ اعلی سطحی فورم سے خطاب کریں گے۔ وزیرِ اعظم کی چین میں چینی صدر عزت مآب شی جن-پنگ سے دوطرفہ ملاقات کے ساتھ ساتھ اعلی چینی قیادت، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور فورم میں شریک دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات ہوگی۔ وفاقی وزیر تجارت اور صنعت، ڈاکٹر گوہر اعجاز چین کے دورے کے لیے روانہ ہو گئے ،وزارتِ تجارت کے مطابق وفاقی وزیر چین کے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے تیسرے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ فورم میں حکومتوں کے سربراہ اور بین الاقوامی تنظیموں کے وفد بھی شرکت کریں گے، دورے کا مقصد تجارتی حجم اور کاروباری معاونت میں اضافہ کرنا ہے۔ وفاقی وزیر چین کے بڑے سرمایہ کاروں اور اےگزم بنک کے صدر کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
نگران وزیر تجارت چین روانہ‘ وزیراعظم 18, 17 اکتوبر کو دورہ کریں گے
Oct 15, 2023