لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مینار پاکستان کا جلسہ تاریخی اور قائد میاں محمد نواز شریف کی تقریر پاکستان کے روشن، پ±رامن اور معاشی مستقبل کی نوید ہو گی۔ رانا ثناءاللہ خان کے زیر صدارت پنجاب کے تنظیمی عہدیداران، ڈویژنل صدور اور کوآرڈی نیٹرز کی اہم زوم میٹنگ ہوئی، میٹنگ میں قائد میاں محمد نواز شریف کی 21 اکتوبر کی وطن واپسی کے حوالے سے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں تمام تنظیمی عہدیداران اور کوآرڈی نیٹرز کی طرف سے تیاریوں پر پیش کی جانے والی رپورٹس پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پنجاب کے طول و عرض میں اس وقت میاں نواز شریف کی واپسی ہی ایک اہم ایونٹ ہے اور پوری قوم اس کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ کبھی بھلایا نہ جانے والا واقعہ ہوگا اور ہر جلسے کا ریکارڈ توڑ دے گا، اس وقت پاکستان کا ہر غریب قائد کی واپسی میں اپنے حالات کو بدلنے کی امید کی طرح دیکھتا ہے۔
مینار پاکستان جلسہ تاریخی، نواز شریف کی تقریر پُرامن معاشی مستقبل کی نوید ہوگی: رانا ثنا
Oct 15, 2023