وفاقی وزراءکا سی پیک کے  دوسرے مرحلے کے آغاز کا عندیہ

Oct 15, 2024

اداریہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مثبت سمت کی جانب گامزن ہے‘ چین کی جانب سے پاکستان میں سی پیک اور توانائی کے منصوبوں پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ آئی پی پیز میں چینی کمپنیوں کی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہے۔ ہم معاہدوں کی پاسداری کرینگے۔ گزشتہ روز چائینہ چیمبرز آف کامرس کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور سی پیک کے تحت 9 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی اور آرمی چیف کی معاونت سے سی پیک کے دوسرے مرحلے کو بھی عملی شکل دی جا رہی ہے۔ اسی طرح وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءتارڑ نے بھی سی پیک کو پورے خطے کی خوشحالی کا منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کی قربت اور مثالی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے برے وقت میں چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا‘ چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سی پیک ٹو منصوبہ پاکستان اور خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ چائینہ چیمبرز آف کامرس کے زیراہتمام منعقدہ اس تقریب میں خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے پاکستان چین دوستی کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس دوستی پر فخر ہے جو روزبروز مضبوط ہو رہی ہے۔ 
یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کی معیشت تمام چیلنجوں سے گزرتے ہوئے آج اپنے پاﺅں پر کھڑے ہونے کی پوزیشن پر آگئی ہے۔ اس کیلئے برادر چین اور مسلم برادرہڈ کے جذبے سے سرشار سعودی عرب کا بے مثال تعاون ہمارے شامل حال رہا ہے۔ بے شک ہماری معیشت کے مستحکم ہونے کے عوام پر بھی مثبت اور خوشگوار اثرات مرتب ہو رہے ہیں جنہیں مہنگائی سے نجات ملنے کے راستے ہموار ہو رہے ہیں۔ مہنگائی کی شرح کا سنگل ڈیجٹ پر آنا یقیناً حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ آج چین کے وزیراعظم لی چیانگ شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان میں موجود ہیں‘ جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان اور چین کے مابین سی پیک کے دوسرے مرحلے کیلئے بھی کام کے آغاز کا عندیہ مل رہا ہے جبکہ سی پیک علاقائی ترقی و خوشحالی کی ضمانت بن رہا ہے تو اس سے پاکستان کی معیشت کو براہ راست فائدہ پہنچے گا کیونکہ پاکستان کی مصنوعات کی برآمد کیلئے سی پیک کے ذریعے عالمی منڈیوں تک آسان رسائی ممکن ہو پائے گی۔ اسکے ذریعے ملک میں تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی تو ملک اور عوام خوشحالی اور امن و استحکام سے ہمکنار ہونگے۔ اسی بنیاد پر ملک کے بدخواہ عناصر سی پیک کیخلاف سازشوں میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں کیونکہ انہیں سی پیک کے ذریعے پاکستان کی ترقی کانٹے کی طرح چبھ رہی ہے۔ ان عناصر کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے ہمیں ملک میں سیاسی اور اقتصادی استحکام کی ضرورت ہے جس کیلئے تمام سیاسی‘ دینی اور عسکری قیادتوں نے باہم تال میل کے ساتھ کردار ادا کرنا ہے۔

مزیدخبریں