حضور غوث اعظم کی تعلیمات(۴)

شان صحابہ بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ حضرت ابو بکر صدیق ؓ اللہ اور اس کے رسول کی محبت میں سچے تھے اس لیے تمام مال سرکار دو عالم پر قربان کر دیا۔ آپ کے وصف کو اپنا لیا اور فقر اختیار کر لیا۔ حضرت ابو بکر صدیق ؓ فرماتے ہیں کہ ہم ستر قسم کے مباح اس وجہ سے ترک کر دیتے تھے کہ کہیں گناہ واقع نہ ہوجائے۔ حضرت عمرفاروق ؓ فرماتے ہیں کہ ہم حلال کے دس حصوں میں سے نو حصے اس لیے چھوڑ دیتے تھے کہ کہیں حرام میں واقع نہ ہو جائیں انہوں نے اس احتیاط کے پیش نظر ایسا کیا کہ حرام کا ارتکاب تو کجا اس کے قریب سے بھی گزر نہ ہو۔ 
آپ فرماتے ہیں اگر آپ کو کوئی مشکل درپیش ہو اور تو صالح اور منافق میں فرق نہ کر سکے تو رات کو اٹھ کر دو رکعت نماز ادا کر اور اسکے بعد یہ دعا مانگ۔ ”اے اللہ اپنی مخلوق میں سے صالحین تک میری راہنمائی فرما ، اس شخصیت کی طرف میری راہنمائی فرما جو مجھے تیری راہ دکھائے تیرا طعام کھلائے ، تیرے مشروب پلائے تیرے قرب کا سرمہ میری آنکھوں میں لگائے۔ 
آپ تصوف کے متعلق فرماتے ہیں اے لڑکے اپنے دل کو رزق حلال کے ذریعے صاف کر تجھے معرفت الٰہیہ مل جائے گی تو اپنے لقمے کو،اپنے لباس کو اور اپنے دل کو پاک صاف کر تجھے صفائی حاصل ہو جائے گی۔ تصوف صفاءکے بنا ہے اے اون کا لباس پہننے والے تصوف میں سچا صوفی وہ ہے جو اپنے دل کو اپنے مولیٰ کے ما سوا پاک کر لے اور یہ مقام رنگ برنگے کپڑے پہننے ، چہروں کے زرد کر لینے اور کندھوں کے جھکا لینے ، اولیا ءکرام کے واقعات زبان پر سجا لینے اور اپنی انگلیوں کو تسبیح و تحلیل کے ساتھ متحرک کر لینے سے حاصل نہیں ہوتا بلکہ یہ مقام اللہ تعالیٰ کو سچے دل سے طلب کرنے ، دنیا سے بے نیاز ہو جانے مخلوق کو دل سے نکال دینے اور اپنے رب کے سوا سب سے الگ ہو جانے سے حاصل ہو تا ہے۔ 
آپ فرماتے ہیں پہلے لوگ دین اور دلوں کے اطبا اولیا ءاور صالحین کی تلاش میں مشرق و مغرب کا چکر لگاتے تھے جب انہیں ان میں سے کوئی مل جاتا تو اس سے اپنے دین کی دوا طلب کرتے تھے اور آج تم فقہا علماءاور اولیاءسے بغض رکھتے ہو جو ادب اور علم سکھاتے ہیں نتیجہ یہ ہے کہ تم دوا حاصل نہیں کر پاتے۔ 
آپ فرماتے ہیں میں ساری زندگی اولیاءکے بارے میں حسن ظن رکھتا رہا ہوں اور ان کی خدمت کرتا رہا ہوں اس چیز نے مجھے فائدہ دیا ہے۔ میں تم سے نصیحت اور خطاب کا معاوضہ نہیں چاہتا۔ میرے خطاب کا معاوضہ یہ ہے کہ اس پر عمل کرو۔

ای پیپر دی نیشن

اقبال کا تصوّر قرآن 

بازگشت … طارق محمود مرزاtariqmmirza@hotmail.com ہر کوئی مست مئے ذوق تن آسانی ہے تم مسلمان ہو یہ اندازِ مسلمانی ہےحیدری فقر ہے نے ...