دنیا بھر سے زائرین کی بڑی تعداد حضرت غوث پاک کی مرکزی تقریب میں موجود

Oct 15, 2024

خالد بہزاد ہاشمی

حضرت پیران پیر شیخ عبدالقادر جیلانی کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر دنیا بھر سے زائرین بغداد شریف پہنچ چکے ہیں جن میں بڑی تعداد پاکستان و ہندوستان کے زائرین کی بھی ہے جو عراق میں نجف شریف، کربلا معلیٰ اور دیگر مقامات پر بھی حاضری دیتے ہیں اس وقت درگاہ حضرت سلطان المشائخ، سلطان جی، محبوب الٰہی حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء، نئی دہلی کے سجادہ نشین برادر محترم دیوان سید طاہر نظامی بھی اپنے خاندان کے سترہ رکنی قافلے کے ساتھ بغداد شریف میں موجود ہیں۔ انہوں نے نوائے وقت کو فون پر بتایا کہ سوموار کی مرکزی تقریب میں وہ درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء(نئی دہلی) کی جانب سے لائی گئی خصوصی چادر حضرت غوث اعظم کی بارگاہ میں پیش کریں گے۔ دیوان سید طاہر نظامی نے کہا کہ یہ ربیع الثانی کا ماہ مقدس ہے جس میں ایک محبوب سبحانی اور ایک محبوب الٰہی کے عرس پاک آتے ہیں اور یوں یہ محبوبین کا مہینہ کہلاتا ہے۔ یہاں تمام زیارتوں پر آ کر جو روحانی خوشی محسوس ہوئی وہ بیان سے باہر ہے۔
حضرت علی المرتضیٰ شیر خدا، حضرت امام عالی مقام امام حسینؓ، حضرت عباس عملدار، حضرت مسلم بن عقیل، حضرت ابراہیم علیہ السلام، حضرت حر، حضرت عبداللہ، حضرت ابراہیم(حضرت مسلم بن عقیل کے شہزادگان) دیگر انبیاء کرام، صحابہ کرام اور اولیاء کرام کے مزارات پر بھی حاضری دی۔ ہندوستان و پاکستان سے بڑی تعداد میں زائرین آئے ہوئے ہیں۔ دیوان سید طاہر نظامی نے دعا کی کہ اللہ تبارک تعالیٰ اپنی ان برگزیدہ ہستیوں کے صدقے اور طفیل سب کی حاجت اور حاضری کو قبول فرمائیں: آمین
پاکستان سے جانے والے وفد میں گروپ لیڈر مولانا محمد شاہد چشتی (گجرات) اور عطا الحسنین صدیقی، امجد منیر بھی شامل ہیں۔ مولانا محمد شاہد چشتی کو چوتھی مرتبہ حاضری کا شرف حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے نوائے وقت کو بتایا کہ
حضرت غوث پاک کے عرس کی مرکزی تقریب10 ربیع الثانی کو بعد نماز عشاء منعقد ہوتی ہے اور وہ کئی گھنٹے جاری رہتی ہے۔ اس وقت حضرت غوث پاک کے سجادگان میں حضرت شیخ سید عفیف الدین القادری، گیلانی، حضرت شیخ الہاشم گیلانی اور شیخ سید خالد گیلانی تینوں بھائی شامل ہیں۔ سجادگی کا منصب چند سال کے لئے سید الہاشم گیلانی اور سید عفیف الدین گیلانی کو باری بار ملتا ہے آج کل سید عفیف الدین گیلانی اس منصب پر متمکن ہیں۔ شیخ سید خالد گیلانی بغداد میں محکمہ اوقاف کے منسٹر ہیں۔ سجادہ نشین جامع مسجد غوث پاک کے خطیب بھی ہیں۔
مولانا شاہد چشتی نے بتایا کہ البدر ٹریول کے ذریعے اوورسیز سے بھی بڑی تعداد میں قافلے آتے ہیں۔ درگاہ شریف کا بڑا بازار بہت طویل ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لیتا۔ زائرین کو درگاہ شریف سے صبح کا ناشتہ، دوپہر اور شام کا کھانا بھی ملتا ہے زائرین اور مخیر حضرات کھانا تقسیم کرتے رہتے ہیں بازار میں جا کر کوئی کھانا نہیں کھاتا۔
 عطا الحسنین صدیقی نے بغداد شریف نوائے وقت کو بتایا کے کردوں کے پانچ بڑے کیمپ لگتے ہیں جن میں ہر کیمپ میں ڈھائی تین سو افراد ہوتے ہیں۔ درمیان میں جھنڈا ہوتا ہے وہ دف بجا کر رقص کرتے ہوئے عربی قصیدہ غوثیہ نعت شریف اور مناقب حضرت غوث پاک پڑھتے ہیں۔ کرد پاکستانیوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔ ان کے پیر صاحب کا خطاب بھی ہوتا ہے۔ عطا الحسنین صدیقی نے بتایا ان کے گروپ میں اڑتالیس زائرین شامل ہیں اور تیرہ روز کا ٹوور ہے۔ یہاں بغداد شریف میں حضرت داتا صاحب کے عرس کی طرح درگاہ اندر باہر لاکھوں زائرین کا اژدھام ہے۔ عرب ممالک سے خواتین بھی بڑی تعداد میں آتی ہیں۔

مزیدخبریں