شنگھائی کانفرنس کے شر کا خیر مقدم ، تعاون کے نئے راستے کھیلیں گے ، چینی وزیراعظم کو خوش آمد ید  : مریم نواز

Oct 15, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے شرکاء کی آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ رکن سربراہان کی 23ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستا ن میں سربراہان مملکت کی آمد خوش آئند امر ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے باہمی تعاون کے نئے راستے کھلیں گے۔ ایس سی اوسمٹ کانفرنس کا انعقاد پوری قوم کے لئے باعث اعزاز ہے۔ باہمی تعاون سے غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی کے اہداف پورے کئے جائیں گے۔ ایس سی او سمٹ کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی آمد پر پرجوش خیر مقدم کیا اور کہا ہے کہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ کو حکومت پنجاب اور عوام کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ چینی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کو باہمی دوستی کے نئے باب کی شروعات سمجھتے ہیں۔ چین اور پاکستان کے مابین تعلقات عالمی امن، خطے کی خوشحالی اور ترقی کے ضامن ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی کا سہرا محمد نواز شریف کے سر ہے۔ محمد شہباز شریف پاک چائنہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں سی پیک کا آغاز پاک چین دوستی کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ چینی وزیراعظم کی آمد سے سی پیک پراجیکٹس میں تیزی آئے گی۔ روز گار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی دوستی، اعتماد اور احترام کی مضبوط بنیاد پر قائم ہے۔ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان اور چین کا باہمی تعاون تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔  پاکستان اور چین مل کر خوشحال اور پرامن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو عالمی خوشحالی کے لیے چین کے عزم کا اظہارکرتا ہے۔ چین کی اقتصادی ترقی کے ثمرات سے دنیا بھر کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں