لاہور (نمائندہ خصوصی) اردو زبان و ادب کے معروف استاد اور پنجاب یونیورسٹی میں پروفیسر ایمریطس ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا کی دو نئی تصانیف منظر عام پر آ گئی ہیں۔ ’’مجید امجد اور میں‘‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی کتاب ان مضامین کا مجموعہ ہے جو مجید امجد سے متعلق ہیں جبکہ ’’کہتا ہوں سچ‘‘ ان کالموں کا مجموعہ ہے جونوائے وقت میں شائع ہوئے۔ ثانی الذکر کتاب کے پیش لفظ میں مصنف نے ایڈیٹر نوائے وقت رمیزہ مجید نظامی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔ دونوں کتابوں کی تقریب رونمائی الحمد پبلی کیشنز کے دفتر میں ہوئی۔ خواجہ زکریا نے کہا نوائے وقت میں کالم لکھنا میرے لیے خوشگوار تجربہ رہا۔