لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انورنے کہا پنجاب پولیس ایک فیملی ہے جس کے ہر رکن اور اسکے اہل خانہ کو درپیش مشکلات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے آرپی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ فورس کیلئے اپنے دروازے کھلے رکھیں۔ ماتحت سٹاف کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ ملاقات کریں اور انہیں درپیش مسائل اور مشکلات کا فی الفور حل یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سنیں اور فوری ریلیف کے احکامات جاری کئے۔کانسٹیبل سید مقبول شاہ گیلانی (مرحوم) کے بیٹے کی جونیئر کلرک بھرتی کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف کا حکم دیا۔ کانسٹیبل سید فیاض حسین (ریٹائرڈ) کی طبی معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف کی ہدایت کی۔ کانسٹیبل اختر عباس شہید کی والدہ کی گھر کی تعمیر کیلئے مالی معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف کی ہدایت کی۔ کانسٹیبل محمد فضل خان کے بیٹے کی سینٹری ورکر سے نائب قاصد جاب تبدیلی کی درخواست ڈی پر او خانیوال کو ریلیف کی ہدایت کی۔ مالی عبدالقیوم کی علاج معالجے میں معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی متعلقہ افسران کو درخواستوں پر کاروائی کے بعد ایکشن رپورٹس سی پی او بھجوانے کی ہدایت کی۔ آئی جی نے کہا پولیس ملازمین کی ویلفیئر اولین ترجیح اور ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے۔