فیروزوالہ:اربوں روپے مالیت کی گندم کو کیڑا لگ جانے کا خدشہ

فیروزوالہ( نامہ نگار ) معلوم ہوا ہے کہ محکمہ خوراک اور سٹاکسٹوں کے پاس پڑی ہوئی اربوں روپے مالیت کی گندم کو کیڑا لگ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے باخبر ذرائع کے مطابق کئی ذخیرہ اندوزوں اور زمینداروں کی طرف سے جو گندم فروخت کرنے کی غرض سے آٹا ملوں میں لائی جا رہی ہے اس کے متعدد نمونوں میں سسری اور کھپرا پایا گیا ہے جس کی وجہ سے فلور مل مالکان یہ گندم نہ خرید رہے ہیں۔ اس وقت محکمہ خوراک پنجاب کے پاس 20 تا 22 لاکھ ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے۔ اس سال حکومت پنجاب کی غیر متوقع پالیسی کے مطابق محکمہ خوراک نے گندم کی خریداری نہ کی تھی جس کی وجہ سے بڑے زمینداروں اور کاشتکاروں کو گندم کا ریٹ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے اس کا ذخیرہ کرنا پڑا اب موسم میں تبدیلی کے باعث گندم کے ذخائر میں سسری اور کھپرا کیڑوں کا حملہ ہونے کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔ پچھلے سال حکومت نے زمینداروں اور کاشتکاروں سے گندم 3900 روپے کے حساب سے خرید کر کے فلور مل مالکان کو 4700 روپے کے حساب سے فروخت کی تھی مگر اس سال گندم کا ریٹ اب 3 ہزار تا 3200 روپے فی 40 کلو ہوا ہے جس کی وجہ سے زمینداروں اور کاشتکاروں کے پیداواری اخراجات بھی نہ پورا ہو رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن