شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ سعودی سرمایہ کاری سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ حکومت کی جاری کوششوں سے ملکی معیشت روز بروز توانا ہو رہی ہے جو نہایت خوش آئندہ امر ہے۔ (ن) لیگ کی قیادت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل یقینی بنائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور اب بھی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا ہے، جس پر پاکستانی قوم سعودی حکومت اور عوام کی شکر گزار ہے۔