لاہور؍ اسلام آباد (این این آئی+ خبر نگار خصوصی) 27 فلسطینی میڈیکل کے طلبہ کا پہلا گروپ پاکستان پہنچ گیا۔ فلسطینی میڈیکل کے طلبہ تعلیم کے حصول کے لئے پاکستان پہنچے، فلسطینی طلبہ کو لیکر فلائٹ جی ایف 764 لاہور ایئرپورٹ پہنچی، 27 فلسطینی طلبہ قاہرہ سے براستہ بحرین لاہور پہنچے۔ فلسطینی طلبہ کے لاہور پہنچنے پر پاکستانی طالبعلموں نے ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ واضح رہے کہ مختلف پروازوں کے ذریعے 165طلبہ فلسطین سے پاکستان آئیں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا پاکستان ان کا بھرپور خیرمقدم کرتا ہے۔ ایکس پر پوسٹ میں کہاکہ فلسطین کے طالب علموں کی پاکستان میں موجودگی سے ہمارے عوام کے درمیان یکجہتی کے تعلقات کو مزید استحکام ملے گا۔ ہم فلسطین کے عوام کی تعلیم، صحت اور روشن مستقبل کے لئے ان کے بنیادی حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
میڈیکل کے 27 فلسطینی طلباء پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم کا خیر مقدم
Oct 15, 2024