اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے پاکستان کی ترقی میں مسلسل رکاوٹیں ڈالنے پر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر زور دیا وہ ملک کی بہتری کے لئے قومی وقار کو ترجیح دیں۔ نجی ٹی وی کیساتھ خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا پی ٹی آئی ملکی ترقی میں خلل ڈالنے کی عادی ہے، سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے زیادہ حب الوطنی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالے جانے کے باوجود بلیک میلنگ کے ہتھکنڈوں سے ملکی معاملات خراب نہیں ہونے دیئے، پی ٹی آئی ملک میں انتشار پھلانے کی بجائے ملک کی فلاح و بہبودکے لئے کام کرے۔ انہوں نے مزید کہا مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف آئینی ترمیم کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو سے رابطے میں ہیں،یہ ترمیم بے نظیر کے نامکمل ایجنڈے کا ایک اہم حصہ ہے اور نواز شریف نے بلاول کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس پر جلد عملدرآمد کے لیے مل کر کام کریں گے۔