اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) اسلام آباد پولیس نے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے دوران سکیورٹی کیلئے سخت گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے نہایت فول پروف انتظامات کئے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد پولیس آفس کے مطابق جاری کردہ گائیدلائنز میں کہا گیا ہے کہ ہائی سکیورٹی زون اور ایس سی او اجلاس کے انعقاد کے مقام کے اردگرد غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع رہے گا جبکہ روٹ اور وینیو کی سیکورٹی کو ٹیکنیکل ٹیم کے ذریعے یقینی بنایا جائے گا۔ کانفرنس کے مقام پر کسی کو موبائل فون لیجانے کی اجازت نہیں ہو گی، ڈیوٹی پر موجود اہلکار خصوصی رنگ کے جاری کردہ کوڈنگ کارڈ استعمال کریں گے ڈی جی سیف سٹی ڈیجیٹل سرویلنسز کے ذمہ دار ہوں گے۔ ڈی آئی جی سکیورٹی کانفرنس کے مقام سمیت دیگر جگہوں کی سکیورٹی کے ذمہ دار ہوں گے، شہر بھر کی سکیورٹی کی ذمہ داری ڈی آئی جی اسلام آباد کی ہو گی، چیف کمشنر اور ڈی سی متعلقہ خدمات بشمول فائربریگیڈ اور ریسکیو سروسز کے ذمہ دار ہوں گے۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں کسی بھی غیر قانونی اجتماع کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ایس سی او اجلاس کے موقع پر کسی احتجاج یا مظاہرے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو مراسلہ بھیجا گیا ہے،کہا گیا اسلام آباد کی حدود میں کسی قسم کا احتجاج یا لاک ڈاؤن نہیں ہو سکتا۔ وزارت داخلہ نے ضلعی انتظامیہ کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنی کی ہدایت کر دی۔ ادھر انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں جاری "شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس" کے سکیورٹی انتظامات کا از خود جائزہ لے رہے ہیں ، انہوں نے سیف سٹی اسلام آباد،ایس ایس پی سکیورٹی آفس میں موجود کنٹرول روم اور ریڈ زون کا دورہ کیا اور غیر ملکی سربراہان اور وفود کی رہائش گاہوں اور وینیوز پر تعینات سکیورٹی انتظاما ت کا جائزہ لیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی آئی جی سکیورٹی جواد طارق اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے ایس سی او سمٹ 2024کی بھرپور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے 9ہزار سے زائد افسران و جوانوں کو سکیورٹی ڈیوٹیز پر تعینات کیا ہے، اس کے ساتھ وزارت خارجہ، ضلعی انتظامیہ،پاکستان آرمی، رینجرز، ایف سی، دیگر صوبائی پولیس، انٹیلیجنس ایجنسیاں، ٹریفک پولیس اور سپیشل برانچ کے افسران و جوان بھرپور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔ غیر ملکی سربراہان ،وفود اور غیر ملکی مہمانوں کی بھرپور سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ا نہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایس سی او سمٹ 2024کی بھرپور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں