اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایشیائی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی) نے شیاؤ چن فان کو پاکستان میں اپنا نیا سربراہ نامزد کردیا ہے ،اے ڈی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شیاؤ چن فان پاکستان میں کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی (سی پی ایس) پر عملدرآمد سمیت اے ڈی بی کے امور کی نگرانی کریں گی اور 2026 تا 2030 پر مشتمل نئے سی پی ایس پر مشاورت کی بھی قیادت کریں گی۔نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والی شیاؤ چن فان اے ڈی بی میں 22 سالہ خدمات کے ساتھ 30 سال کے پیشہ ورانہ تجربے کی حامل ہیں اور انہوں نے آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی سند حاصل کر رکھی ہے جبکہ ماسٹرز اور بیچلرز کی اسناد انہوں نے چین کی لان ڑو یونیورسٹی سے حاصل کی تھی۔شیاؤ چن فان نے 2002 میں بطور ماہر معیشت ایشیائی ترقیاتی بینک میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس کے بعد سے بینک کے مختلف شعبہ جات میں ان کی ذمے داریوں اضافہ ہوتا رہا ہے۔شیاؤ چن فان نے پاکستان میں اپنی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں پاکستان میں دفتر کے سربراہ کے طور پر واپسی پر خوش ہوں، اے ڈی بی کی حکومت اور پاکستانی عوام کے ساتھ طویل شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہوں۔