نوشہرہ ورکاں:شہر اور مضافات میں ایمپلی فائر ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری

Oct 15, 2024

نوشہرہ ورکاں(نامہ نگار) شہر سمیت دیہی علاقوں کے گلی محلوں ،بازاروں میں بھیک مانگنے والوں ،پھل،سبزی و چھلی فروشوں اور دیگر کاروبار سے منسلک افراد نے کھلم کھلا ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزیاں شروع کر رکھی ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ اشیاء خورونوش فروخت کرنے والے ریڑھی بانوں سمیت بھکاریوں اور دیگر اشیاء فروخت کرنے والے افراد نے سپیکر کا استعمال فیشن بنالیا ہے۔کھلم کھلا خلاف ورزی پر ایمپلی فائر ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں تاکہ شہری ذہنی کوفت سے بچ سکیں۔شورکو ہم عام زندگی میں کوئی خاص اہمیت نہیں دیتے۔ لیکن آہستہ آہستہ شور کے ذریعے سے انسانی صحت پراتنے خطرناک اثرات پڑتے ہیں کہ آئندہ زندگی میں اس کا علاج مشکل ہوجاتا ہے۔شور کی وجہ سے انسانی جسم کے ہارمونوں پر بھی اثرپڑتا ہے۔ مزید یہ کہ شورکی وجہ سے مزاج میں چڑچڑے پن، ہائی بلڈپریشر، ذہنی تناؤ اور مسلسل بے خوابی کی شکایت بھی رہتی ہے۔ شورکی وجہ سے بہرے پن میں بہت اضافہ ہورہاہے اور بچوں کی پڑھائی بھی متاثر ہورہی ہے۔

مزیدخبریں