راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان چائنا بزنس فورم (پی سی بی ایف)کے چیئرمین شیخ محمد ناصر علی نے کہا ہے کہ چینی وزیراعظم لی چیانگ کا دورہ پاکستان، شنگھائی تعاون(ایس سی او)کا اجلاس، دونوں ممالک کے سفارتی اور اقتصادی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ نہ صرف چین اور پاکستان کی اسٹریٹیجک شراکت کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ علاقائی تعاون اور استحکام کے لیے بھی ایک نیا راستہ ہموار کرے گا۔شیخ محمد ناصر علی نے پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں، جو تجارت، انفراسٹرکچر، دفاع اور توانائی سمیت کئی شعبوں میں قائم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم جو 2001 میں قائم ہوئی تھی، ایک اہم علاقائی فورم ہے ایس سی اواجلاس پاکستان کیلئے اعزاز، جو اپنے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔جس میں چین، پاکستان، روس اور وسطی ایشیا کے کئی ممالک شامل ہیں۔چینی وزیراعظم کا یہ دورہ جاری منصوبوں، خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کو نئی تقویت فراہم کرے گا۔ یہ منصوبے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں اور علاقائی رابطوں اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغانستان میں امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کا کردار، چین کے ساتھ اس کی شراکت سے مزید مضبوط ہو گا۔شیخ محمد ناصر علی نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کی عالمی سفارتی اہمیت کو اجاگر کرے گا اور چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان ایس سی اوکے پلیٹ فارم پر تعاون، علاقائی امن، معاشی خوشحالی اور عالمی ہم آہنگی کے لیے مثبت اثرات مرتب کرے گا۔