اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی سید سردار علی شاہ سے انکے دفتر میں ایک اہم ملاقات کی ۔ ملاقات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کی اسکل ڈویلپمنٹ اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سہ ماہی کفالت قسط کی ادائیگی کے دوران اسکولوں میں کیمپ سائٹس مختص کرنے کے حوالے سے گفتگو کے ساتھ ساتھ صوبے میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل تعلیم کے فروغ اور تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، بی آئی ایس پی سندھ کے ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے ملاقات میں کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سکل ڈولپمینٹ اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے حوالے سے مختلف پروگرامز پر کام کر رہا ہے تاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کو مختلف تکنیکی تعلیم دیکر انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جاسکے۔ بی آئی ایس پی اور حکومت سندھ فلیگ شپ پروگرام کے تحت مل کر فنی تربیت کے لیے کام کر سکتے ہیں۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ بی آئی ایس پی مالی معاونت کے علاوہ خاندانوں کو خود کفیل بنانے کے حوالے سے سنجیدہ کوشش کر رہا ہے۔ ہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ مستحقین کے بچوں کی فنی تعلیم پر زیادہ توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی معاونت کی پیشکش کو سراہتے ہوئے ان کے اقدامات کی تعریف کی۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی سردار علی شاہ سے ملاقات
Oct 15, 2024