اسلام آباد(خبرنگار)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر بصارت سے محروم افراد کی ہمت اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کے لیے خود انحصاری، خود اعتمادی اور آزادی کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفید چھڑی کا دن بصارت سے محروم افراد کی ہر ممکن معاونت اور حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کی ترغیب دیتا ہے اسپیکر نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں، اور ان کی فلاح و بہبود اور حوصلہ افزائی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر انہیں معاشرے کا کارآمد اور فعال شہری بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بصارت سے محروم افراد کی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے اور انہیں معاشرتی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے کے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ وہ بھی ایک باعزت اور کارآمد شہری کی حیثیت سے زندگی گزار سکیں انہوں نے مزید کہا کہ بصارت سے محروم افراد کو تعلیم، روزگار اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ افراد معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم بصارت سے محروم افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان موثر قانون سازی کے ذریعے خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی نے بصارت سے محروم افراد کی سہولت کے لیے آئین پاکستان کو بریل رسم الخط میں مرتب کیا ہے اور قومی اسمبلی کی ویب سائٹ بصارت سے محروم افراد کے لیے قابل رسائی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کو خصوصی افراد کیلئے قابل رسائی بنایا گیا ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اسمبلی بصارت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے بصارت سے محروم افراد کو خصوصی ٹیکنالوجی کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بصارت سے محروم افراد کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔