اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) اسلام آباد پولیس نے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے دوران سکیورٹی کیلئے سخت گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے نہایت فول پروف انتظامات کئے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد پولیس آفس کے مطابق جاری کردہ گائیدلائنز میں کہا گیا ہے کہ ہائی سکیورٹی زون اور ایس سی او اجلاس کے انعقاد کے مقام کے اردگرد غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع رہے گا جبکہ روٹ اور وینیو کی سیکورٹی کو ٹیکنیکل ٹیم کے ذریعے یقینی بنایا جائے گا۔ کانفرنس کے مقام پر کسی کو موبائل فون لیجانے کی اجازت نہیں ہو گی، ڈیوٹی پر موجود اہلکار خصوصی رنگ کے جاری کردہ کوڈنگ کارڈ استعمال کریں گے ڈی جی سیف سٹی ڈیجیٹل سرویلنسز کے ذمہ دار ہوں گے۔ ڈی آئی جی سکیورٹی کانفرنس کے مقام سمیت دیگر جگہوں کی سکیورٹی کے ذمہ دار ہوں گے، شہر بھر کی سکیورٹی کی ذمہ داری ڈی آئی جی اسلام آباد کی ہو گی، چیف کمشنر اور ڈی سی متعلقہ خدمات بشمول فائربریگیڈ اور ریسکیو سروسز کے ذمہ دار ہوں گے۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں کسی بھی غیر قانونی اجتماع کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ایس سی او اجلاس کے موقع پر کسی احتجاج یا مظاہرے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو مراسلہ بھیجا گیا ہے،کہا گیا اسلام آباد کی حدود میں کسی قسم کا احتجاج یا لاک ڈاؤن نہیں ہو سکتا۔ وزارت داخلہ نے ضلعی انتظامیہ کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنی کی ہدایت کر دی۔