وفاقی وزیرقانون بابر اعوان نے کہا ہے کہ تخت لاہور سیلاب کی سیاست نہ کرتا توآج متاثرین کے حالات مختلف ہوتے۔

Sep 15, 2010 | 09:30

سفیر یاؤ جنگ
میو ہسپتال لاہورمیں سانحہ کربلا گامے شاہ کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ سیلاب پر سیاست نہ کی جاتی تو متاثرین کی بہترین خدمت کی جا سکتی تھی، پیپلزپارٹی کا وعدہ ہے کہ آخری شہری کی بحالی تک امداد کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مشرف کو کوئی استثنیٰ حاصل نہیں ، ان کے خلاف مقدمہ ہے تو گرفتاری بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کے علاوہ بھی پاکستان میں بہت سی جگہیں خالی ہیں جن میں ریسٹ ہاوسز اور جیلیں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی نیت پر کوئی شک نہیں، حکومت انہیں پارلیمنٹ میں خوش آمدید کہے گی مگر ان کے بعض ساتھی انہیں غلط مشورے دے کر پارلیمنٹ سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ وزیرقانون نے کہا کہ چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کے قتل کی مبینہ سازش کی تحقیقات مختلف اداروں سے کرائی جانی چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے ۔ بابر اعوان نے کہا کہ انقلاب کی باتیں کرنے والے محلات اور لگژری گاڑیوں سے باہر نکلیں، انقلاب کے لئے سٹرکوں پر آنا پڑے گا ۔
مزیدخبریں