پولیس حکام کے مطابق ثمر باغ کی جامع مسجد میں قبائلی رہنما کی نماز جنازہ کے دوران خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں پچیس افراد موقع پرجاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے تیمر گرہ ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔ذرائع کے مطابق پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے جنازے پر خود کشں دھماکے کو انتہائی ظالمانہ اور بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے ۔ دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر اور وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں نے مسجدوں اور مزاروں کے بعد نماز جنازہ میں بھی خود کش حملے شروع کردیے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد مذموم مقاصد کی تکمیل میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے امداد کا اعلان بھی کیا۔