اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت نیوز) اس خطے کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے مارک گراس مین نے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقاتیں کیں۔ ان موقع پر دو طرفہ تعلقات سیاسی، معاشی، فوجی انٹیلی جینس، تعاون، آئندہ مذاکرات اور ان موضوعات سے جڑے دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ ایک مستند ذریعے کے مطابق وزیر خارجہ نے امریکہ میں تیار کی گئی گستاخانہ فلم کے معاملہ پر امریکی نمائندے سے بات کی اور کہا کہ آزادی اظہار کے نام پر دیگر مذاہب اور محترم شخصیات کی توہین خطرناک رجحان بن گیا ہے یہ اب انفرادی معاملہ نہیں رہا۔ یہ مذاہب اور ملکوں کے تعلقات پر اثرانداز ہونے لگا ہے۔ امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کو آزادی اظہار کی غلط تشریح اور غلط استعمال کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں امریکی سفیر کی ہلاکت اور اسلامی ملکوں میں وسیع پیمانے پر مظاہروں کا بھی حوالہ دیا۔ گراس مین بڑے وفد کے ساتھ یہاں آئے ہیں۔ ان کے وفد میں امریکہ کے نائب وزیر دفاع پیٹر لیوائے امریکی صدر کے نائب نمائندے ڈگلس لوٹ اور سی آئی کے دو افسر شامل ہیں۔ انہوں نے شیڈول کے مطابق پاکستان کا ایک روزہ دورہ کرنا تھا تاہم اسلام مخالف کے ردعمل میں مظاہروں کے پیش نظر وہ تاخیر سے شام کو اسلام آباد پہنچے۔ ایک دن کے بجائے دورے کو دو روز تک توسیع دی گئی۔ وہ آج وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کی تازہ ترین نوعیت، ایک ہفتہ بعد واشنگٹن میں وزرائے خارجہ کی سطح پر مذاکرات کولیشن سپورٹ فنڈ کی باقی ماندہ رقم کے اجرا کور گروپ کی سرگرمیاں اور متعلقہ موضوعات زیرغور آئے۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کے دوران ان کے مجوزہ دورہ امریکہ، پاکستان اور امریکہ کے درمیان فوجی، انٹیلی جنس تعاون، پاکستان افغان سرحد پر سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اس ذریعے کے مطابق مارک گراس مین کا دورہ پاکستان امریکہ تعلقات کی بہتری کے تسلسل کے ضمن میں اہم ہے۔ صدارتی انتخاب کی مہم کے دوران اعلیٰ امریکی نمائندے کا اسلام آباد آنا اس امر کا عکاس ہے کہ امریکہ خطے کی صورت حال سے لاتعلق نہیں۔ اے این این کے مطابق گراسمین کے اچانک دورے کو شمالی وزیرستان آپریشن کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ چند روز قبل ایساف کمانڈر جنرل جان ایلن نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا جو ناگزیر وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دیا گیا تھا۔