کراچی میں مجرموں کے گریبانوں تک ہاتھ پہنچنا شروع ہوگئے: پرویز رشید

راولپنڈی (ثناءنیوز + آئی این پی + این این آئی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب تقرری کے حوالہ سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیا جائیگا۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو اپوزیشن لیڈر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت نے کراچی کے معاملہ کو حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ کراچی میں قانون اب طاقتور اور توانا ہو کر کھڑا ہوا ہے اور مجرموں کے گریبانوں تک ہاتھ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ لاہور میں بچی کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزم کو نہیں چھوڑا جائیگا موجود حکومت توانائی بحران حل کرنے کے لئے کوششیں کر رہی ہے۔ 100 روز میں حکومت نے وہ کام کئے جو پہلے نہیں ہوئے۔ حکومت ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا ہم نے مسائل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھا ماضی کے جو بوجھ ہم پر لادے گئے تھے ان کو اتارا اور جو نااہلیت اس شعبہ میں تھی اس کو ختم کیا اسکا نتیجہ یہ نکلا پاکستان میں ایک دن میں 16 ہزار میگاواٹ تک بجلی پیدا کی گئی جو ریکارڈ ہے ماضی میں جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اے پی پی کے مطابق انجمن فیض الاسلام کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی باہمی مشاورت سے چیئرمین نیب کا تقرر جلد کیا جائیگا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 100 دنوں میں انتہائی اہم اور حساس معاملات میں پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے کہا وہ سول سوسائٹی کے نمائندگان سے اپیل کرتے ہیں کل جماعتی کانفرنس میں متفقہ طور پر طے پانے والی حکمت عملی کے حوالے سے فی الوقت تبصرہ سے گریز کرے تاکہ یہ عمل بغیر کسی غلط فہمی کے کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔ آئی این پی کے مطابق انوہں نے کہا حکومت ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے اور جس طرح قائداعظمؒ نے ایک قطرہ خون کا بہائے بغیر جمہوری و آئینی طریقہ کار سے ملک کو آزادی دلائی اسی طرح وفاقی حکومت بندوق کی بجائے مسائل کو حل کرنے کیلئے طالبان و شدت پسندوں سے آئینی اور جمہوری طریقہ کار کو اپناتے ہوئے پاکستان کے باسیوں کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلائے گی۔ لاہور میں 5 سالہ سنبل کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی کے حوالے سے سوال کے جوب میں انہوں نے کہا سنبل میری‘ وزیراعظم نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی بیٹی ہے، اسکے ساتھ مکمل انصاف ہوگا۔ انہوں نے کہا ہم اپنی بیٹیوں کے مجرموں کو کبھی نہیں چھوڑتے، نہ ماضی میں چھوڑا نہ آئندہ کبھی چھوڑیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...