اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ناصر محمود کھوسہ کی مدت ملازمت ہفتہ کو ختم ہوگئی۔عالمی بنک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے آئندہ چند روز میں واشنگٹن جائیں گے۔ ناصر محمود کھوسہ کی ورلڈ بینک میں تعیناتی چار سال کیلئے کی گئی ہے۔ دوسری طرف وزیراعظم کے نئے سیکرٹری کیلئے ابھی تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے افسروں کا کوئی پینل تیار نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف جس افسر کو سیکرٹری مقرر کرنے کا حکم دیں گے اس کی سمری ارسال کردی جائے گی۔ ناصر محمود کھوسہ کا شمار ملک کے انتہائی دیانتدار اور فرض شناس بیورو کریٹس میں کیا جاتا ہے ان کے ایک بھائی جسٹس آصف سعید کھوسہ سپریم کورٹ کے سینئر جج ہیں جبکہ دوسرے بھائی طارق کھوسہ ایف آئی اے کے ڈی جی اور دہشتگردی کیخلاف قائم اتھارٹی نیکٹا کے چیئرمین رہے ہیں۔