لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت نیوز+ نیوز ایجنسیاں) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس منظور احمد ملک کی صدارت میں انسداد دہشت گردی عدالتوں کے مقدمات میں پیشرفت اور اس سے متعلقہ دیگر امور کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ ممبر انسپکشن ٹیم ہائی کورٹ حبیب اللہ عامر، ایڈیشنل ایم آئی ٹی محمد یوسف اوجلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب، پنجاب کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ججز، ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی آپریشن لاہور اور ریجنل پولیس افسروں نے شرکت کی۔ انسداد دہشت گردی عدالتوں میں مقدمات نمٹانے کے حوالے سے کارکردگی پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ زیرتفتیش مقدمات اور مفرور ملزمان کے بارے میں بھی غور ہوا۔ فاضل جج نے مقدمات نمٹائے۔ مقدمات کی تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں اجلاس کے شرکاءکو واضح ہدایت کی تاکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے مقاصد کو حاصل کیا جا سکے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس منظور ملک نے پولیس کو تمام اشتہاریوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ جسٹس منظور احمد ملک نے دہشت گردوں کے کیسز کی سماعت کرنے والے ججز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام کیسز بلاتاخیر سماعت کر کے جلد از جلد نمٹائے جائیں جبکہ پولیس اور محکمہ پراسیکیوشن کو دہشت گردوں کے کیسز کی تفتیش مکمل کر کے چالان جلد عدالتوں میں جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
ہائیکورٹ کا انسداد دہشت گردی ججز کو مقدمات جلد نمٹانے ‘ تمام اشتہاری گرفتار کرنے کا حکم
Sep 15, 2013