سنگین اقتصادی چیلنجز درپیش، پاکستان سرکاری اداروں کی نجکاری کرے، آئی ایم ایف

Sep 15, 2013

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کو سنگین اقتصادی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کو مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کرنا ہو گی، آئی ایم ایف کے جائزہ مشن نے دورہ پاکستان سے متعلق اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ شرح نمو کا ہدف پورا کرنے کیلئے پاکستان کو مالیاتی خسارے پر قابو پانا ہو گا۔ سٹرکچرل اور گورننس کے شعبوں میں اصلاحات لانا ہوں گی، پاکستان میں آزاد تجارتی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ مسعود احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو سنگین معاشی مسائل کا سامنا ہے‘ بحران کے خدشات اور گروتھ کی شرح بہت کم ہے‘ اس صورتحال میں پاکستانی حکام کی جانب سے اپنے طورپر تیار کردہ معاشی پروگرام بروقت ہے اور اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ مسعود احمد نے پاکستان کا دورہ مکمل کر لیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں وفاقی حکومت کے عہدیداروں‘ سیاسی جماعتوں کے رہنما¶ں‘ صوبائی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی رہنما¶ں کے ساتھ ان کی ملاقاتیں مفید رہی ہیں۔ وزیراعظم سے بھی ان کی ملاقات ہوئی۔ پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت کے حامل ملک بنانے کے لئے وزیراعظم کے عزم سے متاثر ہوئے ہیں۔ آئی ایم ایف پاکستان کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈا کی حمایت جاری رکھے گا۔ پائیدار ترقی کے لئے ضروری ہے کہ قلیل المدت اقدامات کو سٹرکچرل اور گورننس اصلاحات کے ذریعے تقویت دی جائے۔ حال ہی میں اعلان کردہ توانائی پالیسی سے دیرینہ مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔ معاشی عدم توازن پر قابو پانے کے لئے پروگرام میں طے کردہ اصلاحات کے ایجنڈا پر عمل ضروری ہے۔

مزیدخبریں