”مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے“ حمزہ شہباز سنبل کی حالت دیکھ کر آبدیدہ

Sep 15, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے گذشتہ روز سروسز ہسپتال میں زیادتی کا شکار بچی سنبل کی عیادت کی۔ وہ معصوم بچی کی حالت دیکھ کر آبدیدہ ہوگئے او رکافی دیر تک ان کے منہ سے کوئی لفظ نہ نکل سکا۔ حمزہ شہباز شریف نے اعلیٰ پولیس حکام اور انتظامیہ کے افسروں سے کہا ملزم وحشتی درندے اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ ان کو پاتال سے بھی ڈھونڈ نکالیں۔ ڈی آئی جی آپریشن رائے طاہر کو مخاطب ہو کر حمزہ شہباز نے کہا ملزم جو بھی ہے اسے آپ نے میری یا میڈیا کی خوشنودی کیلئے نہیں اللہ کو راضی کرنے کیلئے پکڑنا ہے۔ انہوں نے کہا ملک کی بچیوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ سنبل کسی ایک شخص کی نہیں پوری قوم کی بیٹی ہے۔ اس سے زیادتی کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے شواہد ملے ہیں جلد مجرموں تک پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب سے پہلے انسان اور پھر سیاستدان ہیں۔ ہم نے معاشرے میں موجود ایسے درندوں کو نشان عبرت بنانا ہے۔

مزیدخبریں