کراچی: فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت 4 افراد جاں بحق ‘ پاک بحریہ کا افسر زخمی

کراچی (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) کراچی میں فائرنگ، پر±تشدد واقعات میں ڈی ایس پی سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس اور رینجرز نے مختلف کارروائیوں میں ٹارگٹ کلرز سمیت 41 ملزم گرفتار کر لئے ہیں۔ ملیر ماڈل کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی ممتاز علی شاہ جاںبحق ہو گئے۔ ڈی ایس پی کی گاڑی پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاںبحق ہو گئے، حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ڈی ایس پی ممتاز علی شاہ لانڈھی جیل میں تعینات تھے۔ اورنگی ٹاﺅن کے علاقے گلشن ضیا میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ دہشت گرد‘ گرفتار کر لئے گئے ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ مبینہ دہشت گرد فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ آئی جی جیل خانہ جات نے کہا ہے کہ ڈی ایس پی ممتاز شاہ کا قتل ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔ ڈی ایس پی کو کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔دھمکیوں کی وجہ سے ممتاز شاہ کو بچہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس کو ممتاز شاہ کو سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔ کراچی میں بلدیہ ٹاﺅن نمبر 4 پٹرول پمپ کے قریب سے ایک شخص کی بوری بند نعش ملی ہے، نارتھ کراچی میں پولیس اور ڈاکوﺅں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں تین ڈاکو مارے گئے۔ ایس ایچ او ماڈل کالونی مصری خان کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے 9 ایم ایم پستول سے فائرنگ کی، جس سے ممتاز شاہ کے سر اور سینے پر 2 گولیاں لگیں جو ان کی موت کا باعث بنیں، پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ممتاز شاہ کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے جناح ہسپتال جبکہ ان کی کار متعلقہ تھانے پہنچا دی۔ دوسری جانب رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران چوبیس جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے، رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں سائیں داد گوٹھ، لاسی گوٹھ میکاسا اپارٹمنٹ، لسبیلہ چورنگی اور گلبہار میں آپریشن کر کے چوبیس افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزموں میں سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے بھتہ خور شامل ہیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں۔کارروائیوں کے دوران بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث 32 افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پولیس نے میاں بیوی کو لوٹنے والے ڈاکو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، ڈاکو سے لوٹا ہوا سامان اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ گارڈن تھانے کے قریب پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے رابطوں کے شبے میں مسجد کے پیش امام قاری بلال کو حراست میں لے لیا۔گارڈن میں بھی رینجرز اور پولیس کے جوان حرکت میں دکھائی دیئے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں کر کے بھتہ خور سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا۔ گلبہار کے علاقے محمد آباد میں رینجرز کی جانب سے ٹارگٹڈ کارروائی کے بعد متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل رینجرز بریگیڈیئر رفیق خان کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن میں رینجرز کو لیڈ رول دیا گیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق سائیں دادگوٹھ، لاسی گوٹھ، میکاسا اپارٹمنٹ، پختون آباد اور لسبیلہ چورنگی کے قریب ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران حراست میں لئے گئے افراد میں سیاسی کارکن اور بھتہ خور شامل ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے بعد متعدد بھتہ خوروں سمیت بائیس افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کیا گیا۔ رینجرز نے اورنگی ٹاﺅن میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا، دہشت گرد مذہبی فرقہ وارانہ کارروائیوں سمیت اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں ملوث تھے۔ رینجرز نے نور مسجد کے پیش امام مولانا تاج اور قاری بلال سمیت 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔ دیگر کارروائیوں میں رینجرز اور پولیس نے 100 جواریوں سمیت تقریباً 150ملزموں کو حراست میں لیا گیا۔ رینجرز نے مسجد کے بیش امام اور قاری کے قبضہ سے 12 ایس ایم جی بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دونوں زیرحراست افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ رینجرز کے عملہ نے صدر کے ہوٹل سے 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق طارق روڈ پر دکانداروں میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے جن میں سے نور جان ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ لیاقت آباد میں چھریوں کے وار سے ایک شخص قتل کر دیا گیا۔ بلدیہ نمبر چار سے ایک شخص کی بوری بند لاش بھی ملی۔ رینجرز نے اورنگی ٹاﺅن میں چھاپہ مارکر کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ صدر سے ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغواءبرائے تاوان میں ملوث تین ملزم پکڑے گئے۔ گلبہار، سائیں داد گوٹھ اور لسبیلہ میں کارروائیوں کے دوران 30 ملزموں کو پکڑا گیا۔ یوسف گوٹھ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گینگ وار کے 4 ملزموں کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ایس پی کلفٹن کراچی نے کہا ہے کہ پولیو ٹیم پر حملے میں ملوث ملزم کو محمود آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے 2012ءمیں سہراب گوٹھ میں پولیو مہم کے انچارج اور دیگر 2 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کالعدم تنظیم کا رکن ہے، ملزم بھتہ خوری کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔دریں اثناءگلستان جوہر بلاک 15 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پاک بحریہ کے افسر کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق کیپٹن عبید عارف کو نامعلوم افراد نے واک کرنے کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...