عمران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جا کر دھرنے سے باعزت جان چھڑا لیں : شہباز شریف

Sep 15, 2014

لاہور/ مریدکے (خبر نگار/ نامہ نگار) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز شیخوپورہ، نارووال، مریدکے روڈ کی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ بستیوں کا دورہ کیا اور ہیلی کاپٹر کے ذرےعے جنوبی پنجاب کےسیلاب سے متاثرہ علاقوں ہیڈ محمد والہ، شجاع آباد اور شیر شاہ میں خود امدادی سامان اور کھانے پینے کی اشیاءتقسیم کیں، سیلاب زدگان کو امدادی اشیاءکی فراہمی کے لئے ہیلی کاپٹر نے 3 بار نیچی پروازیں کیں۔ خراب موسم کے باعث وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر صبح کو پرواز نہ کر سکا جس پر وہ بذریعہ سڑک شیخوپورہ گئے اور نارووال مریدکے روڈ پر نواحی دےہات ٹبہ کوٹ یعقوب، خان کوٹ، بتولاواں، دوست محمد اور نواحی ڈیرہ جات کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے متاثرین سے ملاقات کی اور ان سے مسائل دریافت کئے۔ متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب حکومت سیلاب میں گھرے لوگوں کی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ متاثرین کی آبادکاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، امدادی کاموں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا سیلاب زدگان کو فراموش کر کے عمران خان نے اپنی سیاسی موت پر دستخط کئے ہیں، دیانتداری کا تقاضا ےہ ہے سیلاب کے دوران بد ترین بے حسی کرنے والے عمران خان کو عوام کا نام لینا زیب نہیں دیتا۔ عمران خان اب بھی متاثرہ علاقوں میں جا کر دم توڑتے ہوئے دھرنے سے باعزت جان چھڑالیں۔ دھرنے کی سیاست ملک و قوم سے دشمنی کے مترادف ہے، ےہ وقت دھرنوں کا نہیں بلکہ مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی خدمت کا ہے۔ اس موقع پر ڈی سی او شیخوپورہ علی جان نے امدادی بتایا ضلع شیخوپورہ میں 13افراد جاںبحق ہوئے جن میں سے 11افراد کے لواحقین کو مالی امداد دی جا چکی ہے۔ متاثرین میں اب تک 8لاکھ کلو راشن تقسیم کیا جا چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پیرمحل کے امدادی کیمپ میں متاثرین کو راشن کی تقسیم کے دوران بدانتظامی کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر پیر محل کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دئےے ہیں جبکہ ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وہ افسر تعینات کئے جائیں جو صرف خلق خدا کی خدمت کا جذبہ اور خوف خدا رکھتے ہوں۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا حکومت نے پہلی بار امدادی سرگرمیوں کےلئے متا ثرہ اضلاع کو 10 ،10کروڑ روپے کے فنڈز دئےے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید وسائل بھی مہیا کریں گے۔ ایک ایک پائی امانت سمجھ کر استعمال کی جائے کیونکہ اس کا حساب دنیا کے ساتھ آخرت میں بھی ہونا ہے۔انہوں نے کہا وقت ہی بتائے گا سیلاب سے پاکستان کو زیادہ نقصان پہنچا ہے یا عمران خان کے دھرنے سے ؟ بجلی کے چینی منصوبوں میں التواءپر دونوں دھرنوں میں جشن منایا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بہاولپور اور رحیم یار خان جا کر بھی سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا تاہم مظفر گڑھ کی صورتحال اور ملتان میں کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعہ کے باعث انہوں نے بہاولپور اور رحیم یار خان کے دورے ملتوی کر دئےے اور ملتان پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور ہیلی کاپٹر کے ذرےعے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی اشیاءاور راشن تقسیم کیا۔ شہبازشریف نے بارشوں کے پیش نظر صوبائی انتظامیہ اور متعلقہ اضلاع کے افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا متعلقہ حکام فیلڈ میں موجود رہیں اور دریاﺅں کی صورت حال پر نظر رکھی جائے اور کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تمام پیشگی اقدامات کئے جائیں۔ علاوہ ازیں محمد شہبازشریف نے حافظ آباد کے علاقے عبداللہ پور میں 2 مکانات کی چھتیں گرنے اور ملتان میں شیرشاہ بند کے قریب دریا میںکشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے افراد کے جاں بحق ہونے کے افسوس ناک واقعہ پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ شہبازشریف نے ملتان میں امدادی سرگرمیوں کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے نائب صوبیدار عناب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا نائب صوبیدار عناب نے عظیم مقصد کے لئے اپنی جان نچاور کی۔ انہوں نے کہا پاک فوج کے بہادر جوان کی ہم وطنوں کی حفاظت کیلئے بے مثال قربانی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق مریدکے نارووال روڈ پر سیلاب سے متاثرہ گاﺅں خان کوٹ اور ڈیرہ لوہاراں والا میں متاثرین سیلاب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا سیلاب کے باعث لاکھوں لوگ مصیبت میں گھرے ہوئے ہیں اور اسلام آباد میں دھرنا دینے والوں نے متاثرین کو تنہا چھوڑ کر اپنا تماشا لگا رکھا ہے، متاثرین سیلاب سے اس سے بڑی دشمنی نہیں ہو سکتی، دھرنا دینے والوں کو اپنا دھرنا ختم کرکے متاثرین سیلاب کی مدد کرنی چاہئے۔
پیرمحل (نامہ نگار) نوائے وقت کی خبر پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل کو اپنے عہدوں سے فارغ کردیا۔ ایک روز قبل روزنامہ نوائے وقت میں خبر شائع ہوئی تھی دریائے راوی کے سیلاب سے متاثرہ افراد میں تقسیم کی جانے والی امداد میں مبینہ طور پر بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں جس پر شہباز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر فرح مسعود کو عہدے سے ہٹانے کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل چودھری محمد خالد گجر کو بھی معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے اور اپنے پیغام میں کہا حکومت پنجاب کو خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والے افسران کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا نااہل افسران کو کسی صورت عہدوں پر برداشت نہیں کیا جائیگا اورڈی سی ٹوبہ ٹیک سنگھ کا ایڈیشنل چارج اے ڈی سی جی ملک خادم حسین جیلانی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل کا اضافی چارج اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ واصف بشیر کھوکھر کو سونپ دیا گیا تھا۔

مزیدخبریں