اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ثناءنیوز) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کرنسی نوٹوں پر ”گو نواز گو“ لکھنے کی تحریک کا اعلان کردیا۔ طاہر القادری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کرنسی نوٹوں پر ”گو نواز گو“ کے نعرے تحریر کریں۔ ثناءنیوز کے مطابق سٹیٹ بنک آف پاکستان نے واضح کیا ہے جن کرنسی نوٹوں پر ”گو نواز گو“ لکھا ہو گا وہ پاکستان کے کسی بھی بنک میں قابل قبول نہیں ہوں گے، ایسے کرنسی نوٹوں کی کوئی وقعت نہیں رہے گی۔ ترجمان سٹیٹ بنک نے واضح کیا ہے گو نواز گو جن نوٹوں پر لکھا جائیگا، انکی قدروقیمت صفر ہوجائیگی اور یہ پاکستان کے کسی بھی بنک میں قبول نہیں کئے جائیں گے۔ ترجمان نے عوام سے کہا ہے وہ ایسے اقدام سے گریز کریں جن سے انہیں مالی نقصان کا اندیشہ ہو۔ آن لائن کے مطابق سٹیٹ بنک نے کہا ہے کرنسی نوٹوں پر سیاسی نعرے لکھنا غیر قانونی ہے‘ کوئی بھی شہری کرنسی نوٹوں پر کوئی نعرہ نہ لکھے۔ جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریا ت پرویز رشید نے کہا ہے عوام اب سیاسی مداریوں کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ طاہرالقادری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کے عوام اب سنجیدہ ہوچکے ہیں۔ کرنسی نوٹوں پر کارکنوں سے ”گو نواز گو“ لکھوانے کا اقدام گمراہ کن ہے۔ عوام ایسے اقدام سے گریز کریں جن سے انہیں مالی نقصان کا اندیشہ ہو۔آن لائن کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو متنبہ کیا ہے وہ پاکستان کے عوام کو کرنسی نوٹوں پر تحریریں، نعرے لکھنے کا کہہ کر گمراہ نہ کریں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کرنسی نوٹوں پر نعرے لکھنا یا کچھ تحریر کرنا غیر قانونی ہے اور اس سے نوٹ ضائع ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کسی بھی قسم کی تحریر یا نعروں والے ایسے نوٹ نہ تو کاروباری برادری اشیاءکی خرید و فروخت کیلئے قبول کریگی اور نہ ہی بنک قبول کریں گے۔
کرنسی نوٹ