دھاندلی کی پیداوار حکمران مستعفی ہوں‘ لیاقت جتوئی: اپنی پارٹی کو بحال کرنے کا اعلان

Sep 15, 2014

حیدر آباد (آئی این پی) مسلم لیگ ن کو خیر باد کہنے والے سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے عوامی اتحاد پارٹی کو بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکمران جمہوریت بچانا چاہتے ہیں تو فوری طور پر استعفیٰ دے کر نگراں حکومت کے قیام کا اعلان کریں‘ طاہر القادری اور عمران خان کرپشن سے پاک نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں اسی لئے حکومت ان کے کوئی مطالبات ماننے کو تیار نہیں۔ حیدر آباد میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 11 مئی کے انتخابات میں پورے ملک میں بدترین دھاندلی ہوئی‘ سندھ اور پنجاب کے لئے کراچی اور انارکلی میں علیحدہ سے بیلٹ پیپرز چھاپے گئے‘ جب ووٹوں کی تصدیق کرائی جاتی ہے تو ہر حلقے سے 40 ہزار غیر تصدیق شدہ ووٹ نکلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے‘ جب یہ ثابت ہو چکا ہے تو پھر ایوان میں بیٹھے ہوئے لوگوں کے پاس حکومت کرنے کا کیا اخلاقی جواز رہ جاتا ہے۔ لیاقت جتوئی نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہوکر جھوٹ بولا کہ انہوں نے آرمی چیف کو ثالث کا کردار ادا کرنے کےلئے نہیں کہا مگر آئی ایس پی آر کے بیان کے بعد میاں نواز شریف کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ وزیراعظم رہیں۔ لیاقت جتوئی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے علاوہ وہ تمام جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے لئے تیار ہیں۔ پنجاب میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
لیاقت جتوئی

مزیدخبریں