حالیہ تباہ کن سیلاب بھارت کا پاکستان پر آبی حملہ ہے: حافظ سعید

Sep 15, 2014

کراچی (این این آئی) جماعة الدعوة پاکستان کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ حالیہ تباہ کن سیلاب بھارت کا پاکستان پر آبی حملہ ہے۔ لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی تباہ کرکے پاکستان کو معاشی بحران کا شکار کیا جا رہا ہے۔ بھارت کے تعمیر کردہ متنازع ڈیم جنگی ہتھیار کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں۔ پاکستان خاموشی اختیار کرنے کی بجائے بھارت کی آبی جارحیت کا راستہ روکے۔ سیلاب متاثرین کے لیے جماعة الدعوة کا بڑے پیمانے پر ریلیف آپریشن جاری ہے، قوم آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کے لیے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعة الدعوة کے صوبائی مرکز التقویٰ گلشن اقبال میں متاثرین سیلاب کے لیے امدای سامان کی بڑی کھیپ کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے کراچی سے متاثرین سیلاب کے لیے 60 لاکھ روپے مالیت پر مشتمل امدادی سامان کی بڑی کھیپ روانہ کی۔ روانہ کیے گئے سامان میں 1500 خاندانوں کے لیے ماہانہ راشن پیک، 200 خیمے، 10 ہزار مریضوں کے لیے ادویات اور 25 ایمرجنسی کٹ کے علاوہ دیگر امدادی سامان بھی شامل تھا۔ حافظ سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل پانچ برس سے پاکستان پر واٹر بم پھینک رہا ہے۔ اگر بھارت اسی انداز سے مقبوضہ کشمیر میں متنازع ڈیمز کی تعمیر میں مصروف رہا تو پاکستان کی آبادیاں اور فصلیں محفوظ نہیں رہیں گی۔ 9 لاکھ کیوسک کا ریلا ایک ساتھ چھوڑ کر چناب میں سیلابی صورت حال پیدا کی گئی۔ جبکہ ہیڈ تریموں پر اب بھی سیلابی پانی کا دباﺅ برقرار ہے جس سے ثابت ہو رہا ہے کہ بھارت مسلسل پانی چھوڑے جا رہا ہے۔ جھنگ اور چنیوٹ کے بعد ملتان اور مظفر گڑھ کے علاقے بھی تباہ کن سیلاب سے محفوظ نہیں رہ سکے۔ اگر سیلابی صورت حال اسی طرح برقرار رہی تو سندھ کی آبادی اور فصلیں بھی ہولناک تباہی کی لپیٹ سے محفوظ نہیں رہ سکیں گی۔
حافظ سعید

مزیدخبریں