اسلام آباد (ثناءنیوز) سینٹ میں قائد حزب اختلاف اور پی پی کے رہنما بیرسٹر چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ دھرنوں کا معاملہ حکومت اور دھرنا دینے والی جماعتوں کے لئے اعصاب کا کھیل ہے۔ نواز شریف کے اعصاب 1993 سے زیادہ مضبوط ہیں جب جنرل وحید کاکڑ نے استعفیٰ مانگا تھا۔ اب نواز شریف استعفیٰ کے لئے بھی تیار نہیں ہوں گے اور نہ استعفیٰ دیں گے۔ عمران خان کی فتح صرف اس صورت میں ہے کہ اگر نواز شریف استعفیٰ دیں ۔ عمران خان نے خود کو بند گلی اور باکس میں بند کر لیا ہے ۔ انہیں اس صورت حال سے نکلنے کے لئے سوچنا ہو گا اور مارشل لاءلگ جاتا ہے تو پھر عمران خان کی سیاست ٹھپ ہو جائے گی ۔ نواز شریف اگر رائیونڈ بھی چلے جائیں تو وہ وزیر اعظم رہیں گے اور کوئی ان سے استعفیٰ نہیں لے سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا ۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ہٹانے کا پارلیمنٹ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں اگر نواز شریف رائیونڈ جا کر بھی بیٹھ جائیں تو وزیر اعظم رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج جتنا طول پکڑے گا عمران خان پر دباﺅ بڑھے گا کہ اب جانے بھی دیں آپ نے اپنی کوشش کر لی ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو استعفی دینے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ یہ ہو سکتا ہے کہ مارشل لاءلگ جائے تاہم اس چیز کا امکان نہیں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود کو اندھی وادی اور باکس میں بند کر لیا ہے اور سیاست میں واپسی کا کوئی راستہ رکھنا چاہئے۔ عمران خان نے اپنے لئے مشکل صورت حال پیدا کر لی ہے۔
اعتزاز احسن