دستاویزات پر دستخط ہونے تک تحریک انصاف کے طے شدہ نکات پر عملدرآمد نہیں ہو گا : پرویز رشید

لاہور (مبشر حسن/ دی نیشن رپورٹ) اگر حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان جاری مذاکرات ناکام ہو گئے تو اطلاعات کے مطابق پھر حکومت کا پی ٹی آئی کے مانے ہوئے 6میں سے 5نکات پر عملدرآمد کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ دی نیشن کے مطابق حکومت چھٹا نکتہ ماننے کو تیار نہیں جس میں استعفے کا ذکر کیا گیا ہے حکومت کے مطابق اس معاملے پر بات نہیں ہو سکتی۔ دونوں فریق باقی پانچ نکات پر پہلے ہی تفصیلات طے کر چکے ہیں جن میں انتخابی اصلاحات، انتخابات کی جوڈیشل کمشن کے ذریعے جانچ پڑتال، انتخابات دھاندلی ہونے پر غیرجانبدار سیٹ اپ کے ذریعے دوبارہ انتخابات، الیکشن کمشن کی ازسرنو تشکیل اور دھاندلی میں ملوث افراد کا احتساب شامل ہے۔ حکومت ان نکات کو اسی صورت عملی شکل دے گی جب پی ٹی آئی نوازشریف کے استعفے کا مطالبہ ختم کرکے دستاویزات پر دستخط کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے اس حوالے سے دی نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے ابھی تک دستاویزات پر دستخط نہیں کئے اور اس طرح انکے یہ تسلیم شدہ مطالبات کو یکطرفہ طور پر قبول کئے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ حکومت متفقہ نکات پر عملدرآمد چاہتی ہے مگر ابھی دوسرے فریق کو پہلے دستاویزات پر دستخط کرنا ہونگے۔ اس حوالے سے فیصلہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کو کرنا ہے۔ ہمیں ان کے فیصلے کا انتظار ہے۔ انتخابی اصلاحات کے بارے میں حکومت پارلیمانی باڈی کی سفارشات پر عملدرآمد کرے گی۔ پی ٹی آئی کی قیادت ان تجاویز کو مانتی ہے یا نہیں حکومت اس سلسلے میں آگے بڑھے گی۔ پی ٹی آئی ارکان کے استعفوںکا اشارہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پارلیمانی باڈی تجاویز دے گی ممکن ہے اس وقت عمران کی پارٹی پارلیمنٹ کا حصہ نہ ہو۔ اصلاحات کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ مذاکرات کے 15ادوار کے بعد بھی ڈیڈ لاک جاری ہے۔ ادھر حکومت احتجاج کرنے والوں کے خلاف سٹک اینڈ کیرٹ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پرویز رشید نے کہا ہے عمران خان اب تو ڈیڈ لائن بھی نہیں دیتے دو ہزار کارکنوں کے ساتھ آزادی ملتی ہے نہ انقلاب آتا ہے عمران ہر روز جلسے میں غلط بیانی کرکے بنی گالہ پہنچ جاتے ہیں۔ عمران خان اپنی صفوں میں چھپے ٹیکس چوروں کو پہچانیں، پنجاب میں خیبر پی کے سے زیادہ تعلیم پر خرچ ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو کنٹینر میں قید کیا گیا ہے۔ عمران کا خیبر پی کے میں آئی ڈی پیز کو کھانا دینے میں کیا کردار تھا۔
پرویز رشید

ای پیپر دی نیشن