اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں صوبائی وزراء خزانہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی سیکرٹری خزانہ کا اجلاس سہ ماہی بنیاد پر ہو گا اور تمام ایشوز کو مناسب سطح پر باہمی مشاورت سے حل کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے پنجاب کے وزیر خزانہ سے کہا وہ این ایف سی میں پنجاب کے ممبر کی نامزدگی کے عمل کو تیز کر دیں تاکہ این ایف سی کا اجلاس جلد از جلد بلایا جا سکے۔ 9 ویں این ایف سی کا اجلاس پنجاب کی طرف سے نامزدگی کرنے کے فوری بعد بلایا جائے گا۔ اجلاس میں صوبوں کے 2014-15 ء کے مالیاتی آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ اس میں وفاق سے صوبوں کو وسائل کی منتقلی اور اخراجات شامل تھے۔ وزیر خزانہ نے کہا پاکستان میں جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس کی شرح خطے میں کم ترین ہے۔ صوبے اس صورتحال کی بہتری میں مدد دے سکتے ہیں۔ انہوں نے صوبوں سے کہا صوبائی وصولیاں بہتر بنائی جائیں اور اخراجات کو قابو میں رکھا جائے۔ آئی این پی کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے یونیورسل سروس فنڈز اور ٹیلیفون کے درمیان پسماندہ علاقوں میں جدید ٹیلی مواصلات کی سہولیات کی فراہمی کیلئے 8 ارب 76 کروڑ روپے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ وزیراعظم نوازشریف کا ویژن ہے کہ ملک کے تمام علاقوں کو ایک دوسرے سے جوڑا جائے جوصرف اور صرف جدید مواصلاتی نیٹ ورک اور آئی ٹی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا حکومت معاشی ترقی کو دسمبر 2017ء تک توانائی کے شعبے میں طلب و رسد کا فرق ختم کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔