اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ کے ایل این جی سے متعلق الزامات مسترد کر دئیے۔ وزیر پٹرولیم کا کہنا ہے مراد علی شاہ کا بیان افسوس ناک اور شرمناک ہے۔ ایل این جی کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کے دائرہ کار میں نہیں آتا البتہ آصف زرداری کی موجودگی میں ایل این جی کا معاملہ کلیئر ہو گیا تھا۔ وزیر خزانہ سندھ نے ایک روز پہلے الزام عائد کیا تھا نندی پور، قائداعظم سولر پلانٹ اور ایل این جی ٹرمینل پراجیکٹس کرپشن سے بھرے پڑے ہیں جن کی تحقیقات ہونی چاہئے۔