کراچی ( سٹاف رپورٹر + نیٹ نیوز ) سندھ کے دو بار وزیر بننے والے مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی رہنما سید علی بخش شاہ عرف پپو شاہ نے اپنی اہلیہ سابق سینیٹر یاسمین شاہ کے ساتھ پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان انہوںنے اپنی رہائش گاہ پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کے صدر فریال تالپور کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید پپوشاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک کی بڑی سیاسی پارٹی ہے۔ جس نے اچھے اور خاندانی لوگوں کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے دروازے کھولے ہیں میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتا ہوںان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ اور فریال تالپور کے ساتھ مل کر کارکن کی حیثیت سے کام کروںگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقارمرزا کوئی جن بھوت نہیںکہ وہ سیاسی قسمت آزما رہے ہیں اور میں اپنی سیاسی قسمت آزماؤںگا، میں بدین کے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کام کروںگا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے جس میں لوگ شامل ہوتے رہتے ہیں۔ علی بخش شاہ میرے بھتیجوں جیسے ہیں ان کا اور ان کی اہلیہ کا پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ان کی شمولیت سے پیپلزپارٹی مضبوط ہوگی۔ پیپلزپارٹی کے خلاف مخالفت عروج پر ہے۔ پیپلزپارٹی میں اچھے اور سیاسی لوگوں کا شامل ہونا پارٹی کی شہرت کو ظاہر کرتا ہے۔ ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ڈاکٹر ذوالفقارمرزا کے لیے مقابلے کے لیے پپوشاہ کو پارٹی میں لایا گیا ہے ۔ انہوں نے پیپلزپارٹی بدین تک محدود نہیں ہے پورے ملک کی جماعت ہے۔ ڈاکٹر ذوالفقارمرزا سیاست میں انتہا تک چلے گئے ہیں اب ان سے بات چیت نہیں ہوسکتی ہے۔ فہمیدہ مرزا اور حسنین مرزا پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ آج بھی ہمارے رکن ہیں۔ واضح رہے پپو شاہ ضلع بدین میں 1988 ء سے پیپلز پارٹی کے مخالفین میں شمار ہوتے رہے ہیں ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ وفاق کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں کیا چکر ہے ؟ تو انہوں نے کہا کہ تنگ آمد بجنگ آمد ۔ ہمارے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے یہ سندھ پر حملہ ہے سندھ کو ہدف بنایا جا رہا ہے سندھ میں اینٹی کرپشن کا اپنا ادارہ ہے پھر دوسرا ادارہ کیوں آئے ۔