زبردستی گیس لینے کی کوشش ہوئی تو روکنے کی ہمت رکھتے ہیں: نثارکھوڑو

کراچی(آن لائن + این این آئی) سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات نثار احمد کھوڑو نے سینٹرل جیل کراچی میں پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر علی نواز شاہ سے ملاقات کی اور احتساب عدالت کے فیصلے میں کمزوریوں، سیاسی صورتحال سمیت باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے وزارت اور ایم پی اے کی حیثیت میں سرکاری تنخواہیں نہ لینے والے سید علی نواز شاہ کیخلاف ایل بی او ڈی کی زمین کے زیادہ معاوضے کا غلط رنگ دے کر نیب کے پرانے مقدمے میں گرفتاری سیاسی انتقامی کارروائی ہے۔ انہوں نے کہا علی نواز شاہ کو ایمانداری کی سزا دی گئی انہوں نے پانچ سال بحیثیت وزیر اور ایم پی اے تنخواہیں نہیں لی ہیں تو وہ کرپشن کیا کرینگے؟ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کے پاس الزام تراشی کے علاوہ کچھ بھی نہیں، صوبائی خودمختاری کے بعد آئین کے تحت سندھ کی گیس پر صوبے کا حق ہے اور سندھ کی گیس کو وفاق یا کوئی اور زبردستی لینے کی کوشش کریگا تو انہیں روکنے کی ہمت رکھتے ہیں اور کسی کو بھی سندھ کی گیس نہیں لینے دینگے۔ این این آئی کے مطابق نثار احمدکھوڑو نے کہا علی نواز شاہ کی گرفتاری سے نیب کا کردار مشکوک ہو گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن