کراچی، 17میٹر لمبی چمکدار بلیو وہیل مچھلی کا منفرد نظارہ

Sep 15, 2017

کراچی(غزالہ فصیح) ساحلی شہر کے سمندر میں بلو وہیل کی جلوہ گری کا منفرد نظارہ‘ چرنا آئی لینڈ پر 17میٹر لمبی چمکدار نیلے رنگ کی وہیل مچھلی کی بچے کے ہمراہ ویڈیو فلمبند کرلی گئی ۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان کی سمندری حدود میںپہلی مرتبہ بلو وہیل منظر عام پر آئی ہے۔ WWF کے تربیت یافتہ ملاح سعید زمان نے چرنا آئی لینڈ پر مچھلی کے شکار کے دوران سطح آب پر بھاری جسامت کی نیلی وہیل کو ابھرتے دیکھا‘ وہیل کا بچہ بھی اسکے ساتھ تہہ آب میں موجود تھا۔ سعید زمان نے اس خوبصورت منظر کو فلمبند کرلیا۔ پاکستانی حدود میں زندہ بلووہیل کوپہلی مرتبہ دیکھا گیا ہے اس سے پہلے مردہ بلو وہیل یا اسکے ڈھانچے ملے ہیں۔ آخری مرتبہ 11اگست 2014کو کھڈی کریک کے ساحل پر مردہ وہیل پائی گئی۔ 2016 میںتقریباً 47وہیل مچھلیوں کی باقیات ساحلوں پر ملی تھیں۔ واضح رہے چند روز قبل WWF پاکستان کے تربیت یافتہ مچھیروں نے بلوچستان کے مقامگنز پر سپرم وہیل کے جوڑے کی موجودگی ریکارڈ کی یہ بھی وہیلز کی ایک نایاب قسم ہے۔ شہریوں نے پاکستانی حدود میں بلو وہیل کی موجودگی پر خوشی کااظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں