اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینٹ کی مجلس قائمہ منصوبہ بندی کی سب کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ منظوری کیلئے ایکنک کو پیش کیا جائیگا۔ اجلاس سینیٹر کریم خواجہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری منصوبہ بندی نے کہا کہ سرکلر ریلوے کے منصوبے پر منظوری ملتے ہی عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔ کراچی کو پانی کی سپلائی کے منصوبے کے فور کو مکمل کرنے میں وفاق اور صوبائی حکومت گہری دلچسپی لے رہی ہے۔ منصوبہ 25ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔ اب تک اس منصوبے پر 3.1 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں اور اس میں سے 2.5 ارب روپے وفاقی حکومت نے فراہم کئے ہیں۔ نئے پی ایس ڈی پی میں منصوبے کیلئے 9ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ ایسٹ وے ، ایکسپریس وے کی تعمیر کا کام چینی کمپنی کو دیدیا گیا ہے۔ اس پر 1.9 ارب روپے لاگت آئے گی۔ اور یہ 2020ء میں مکمل ہوگا۔ دریں اثناء قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ کی سب کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کپاس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت شازیہ مری نے کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت کپاس کے کاشتکاروں کو کوئی رعایت نہیں رہی بیماری اور زیر کاشت رقبہ میں کمی کے باعث پیداوار متاثر ہوئی۔ 2004ء میں کپاس کی فصل کی پیداوار ایک کروڑ بیلز سے بڑھی تھی۔
کراچی منصوبہ