نئی دہلی (آئی این پی)بھارت اور جاپان نے پاکستان سے ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رکھنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ بھارتی اخبار ”ٹائمز آف انڈیا “ کے مطابق جاپانی وزیراعظم کے 2روزہ دورہ بھارت کے اختتام پر جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اورجاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے القاعدہ، کالعدم لشکرطیبہ اور جیش محمد سمیت دیگر گروپوں کے خلاف تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ مودی اور انکے جاپانی ہم منصب شینزو آبے نے جاپان بھارت سالانہ مشاورتی اجلاس میں القاعدہ ،لشکرطیبہ اور جیش محمد سمیت دیگر گروپوں کے خلاف تعاون کو مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ جاپانی وزیر اعظم اور مودی نے گجرات کے شہر احمد آباد میں 508کلومیٹر طویل ممبئی احمد آباد ملک کی پہلی تیز رفتار بلِٹ ٹرین کے منصوبے کا افتتاح کیا۔گجرات کو ممبئی سے ملانے والا17 بلین ڈالر کا یہ منصوبہ سن 2023 میں پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ جاپان نے اس منصوبے میں80 فیصد کی سرمایہ کاری کی ہے۔دونوںممالک نے اسٹریٹجک ،مالی اور ترقیاتی تعاون کے 15معاہدوں پر بھی دستخط کیے ۔بھارتی اور جاپانی وزیراعظم کے درمیانمذاکرات کے بعد پریس بریفنگ کے دوران سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے بتایاکہ مذاکرات میں شمالی کوریا کے مسئلے پر بھی بات چیت کی گئی ۔ایس جے شنکر کا کہنا تھاکہ بھار ت اور جاپان نے دونوں ممالک کی افواج ،زمینی خود دفاعی فورسز،ائیرفورس اور جاپان کی ایئر ڈیفنس فورسز کے درمیان تعاون اور تبادلے پر اتفاق کیا ہے ۔جاپان شمال مشرقی پالیسی کے بنادی ڈھانچے میں مزید مدد فراہم کرے گا۔جاپان نے چین کے ون روڈ ون بیلٹ منصوبے پر بھی بھارتی خدشات کو بھی سنا۔ انھوںنے کہاکہ دونوں ممالک نے دفاع اور اقتصادی شعبے میں تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
معاہدے
بھارت اور جاپان کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق پاکستان سے پٹھان کوٹ حملوں کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ
Sep 15, 2017