لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین ٹی ٹونٹی میچز میں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر کو تجربات کرنے کی بجائے بہترین ٹیم میدان میں اتارنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بہت عرصے کے بعد عالمی پائے کے انٹرنیشنل کرکٹر آئے ہیں اور دنیا بھرکی طرح پاکستانی شائقین کی نظریں بھی اس میچ پر ہیں اور مکی آرتھر کا ایک میچ کےلئے نوجوان کھلاڑیوں کو چانس دینے کا فیصلہ غلط تھا، ایک میچ کےلئے ٹیم میں شامل کرنے سے کوئی بھی نوجوان باﺅلر انڈر پریشر ہوگا جوکہ اس کے کیریئر کےلئے بہتر نہیں ہوگا جبکہ پاکستانی شائقین بھی اپنی ہوم گراﺅنڈ میں ٹیم کی شکست سے مایوس ہوں گے۔، صادق محمد نے کہاکہ قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ٹاس کا جیتنا اہمیت کا حامل ہوگا، پاکستان کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنی چاہئے، دونوں ٹیموں کے بلے باز بہترین ہیں اور 170سے زیادہ رنز بنانے والی ٹیم کی جیت کے چانسز زیادہ ہیں، دونوں ٹیموں کے پلیئرز کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے کہہ سکتا ہوں کہ دونوں کے ففٹی ففٹی چانسز ہیں۔ پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کو کسی موضوع پر بھی بیان دینے سے پہلے اچھی طرح معلومات حاصل کر لینی چاہئے کیونکہ اس سے ان کی ساکھ پر اثر پڑتا ہے۔
مکی آرتھر تجربات کی بجائے بہترین ٹیم میدان میں اتاریں: صادق محمد
Sep 15, 2017