شیخوپورہ+ جھبراں (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) شہرہ آفاق قصہ ہیر رانجھا کے خالق اور پنجابی زبان کے نامور شاعر پیر سید وارث شاہ کے 219ویں سالانہ عرس کی تقریبات آج جمعہ سے شیخوپورہ کے نواحی قصبہ جنڈیالہ شیر خان میں شروع ہو رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ارقم طارق نے بتایا کہ پیر وارث شاہ کے عرس کی تقریبات 23تا25ستمبر کو ہونا تھی مگر محرم الحرام کے احترام میں تاریخیں تبدیل کی گئی ہیں۔ عرس کی تین روزہ تقریبات 15ستمبر کو صبح مزار کو غسل دیکر قرآن خوانی سے شروع ہونگی جبکہ 15 ستمبر کو رات نو بجے عالمی پنجابی مشاعرہ ، 16،ستمبر کو آل پاکستان مقابلہ ہیر گائیکی جبکہ 17ستمبر کو صوفی نائٹ ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے ہفتہ16ستمبر کو شیخوپورہ میں پیر وارث شاہ کے عرس کے موقع پر مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ پروگرام انچارج مشتاق احمد ٹوانہ نے کہا ہے کہ عرس حضرت پیر وارث شاہؒ کے عرس کے موقع پر ہر سال کی طرح لاکھوں افراد شرکت کریں گے اور بھارت سمیت دیگر مختلف ممالک سے عقیدت مند اور ملک کے کونے کونے سے قافلے شرکت کیلئے جنڈیالہ شیر خان پہنچیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احسان المالک، شیخ عظیم، سید علی معظم ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔