کراچی(صباح نیوز)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گھریلوملازمہ بدترین تشدد کا نشانہ بن گئی۔ ملزمان نے پہلے لڑکی سے زیادتی کی اور پھر استری سے جلا کر بدکردار بھی قرار دے دیا۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔ آئی جی سندھ نے نوٹس لیکررپورٹ طلب کرلی۔کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں سولہ سالہ ملازمہ جویریہ رفیع کو پہلے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا،پھر استری سے جلایا گیا۔ پولیس نے والد کی رپورٹ پرمکان مالک عبد الرزاق، اس کے دوست حسیب اور بلڈنگ کے چوکیدار شاہین گل جبکہ عبدالرزاق کی بیوی مریم اور ملازمہ فاطمہ کو حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کا موقف ہے کہ جویریہ نشہ آور گولیاں کھلاکر گھروالوں کو سلادیا کرتی تھی اور غلط کاموں میں ملوث تھی۔ بلڈنگ کا چوکیداربھی اپنی صفائی دیتا رہا۔۔ستم بالائے ستم کہ گرم استری سے جلنے والی ملازمہ کو جب پولیس نے ایم ایل او کے لئے ہسپتال بھیجا تو وہاں کوئی لیڈی ڈاکٹر دستیاب نہ تھی۔ پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان متاثرہ لڑکی کو ٹراما سینٹر پہنچانے میں کامیاب ہوگئے۔ ملازمہ سے ہونے والی زیادتی اور تشدد کا آئی جی سندھ نے فورا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔